کاروار:17؍نومبر (ایس او نیوز)کاروار میں معذوروں کے لئے آج سنیچر کو مختلف آلات اور سواریاں وغیرہ تقسیم کی گئیں، اس موقع پر اترکنڑا ضلع پنچایت کی صدر جئے شری موگیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ جسمانی طورپر معذوروں ،کمزوروں میں سواریوں اور آلات کی مفت تقسیم کاری سے ان میں اعتماد پیدا ہوگا اور وہ محسوس کریں گے کہ وہ کسی پر بوجھ نہیں ہیں۔
کاروار کے رنگ مندر میں یہ تقریب منعقد تھی جسے مرکزی سماجی انصاف محکمہ ، ضلع انتظامیہ ، ضلع پنچایت ، انڈین آئل کارپوریشن لمیٹیڈ اور مصنوعی اعضاء بھارتی نگم کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔
جئے شری موگیر نے کہا کہ بہروں کو سماعی آلات فراہم کرنا ایک بہترین خدمت ہے ، انہوں نے مستفیدین کو مشورہ دیا کہ وہ ان سواریوں اور آلات کا صحیح استعمال کریں اور ہرمیدان میں آگے بڑھیں۔
بھٹکل کے رکن اسمبلی سنیل نائک نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ معذوروں کی نشاندہی کرنا صرف افسران کا کام نہیں ہے بلکہ عوامی تعاون سے عوامی نمائندے بھی ایسے مختلف معذوروں کی نشان دہی کرسکتے ہیں۔
انڈین آئل کارپوریشن لمیٹیڈ کرناٹکا کے کارگزار ڈائرکٹر ڈی ایل پرمود نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئی اؤسی ایل نے معذوروں کو قوت بخشنے اور ان میں اعتماد پیدا کرنے کی طرف پہلا قدم اُٹھایا ہے۔ کاروار میں 363مستفیدین میں 35لاکھ روپئے لاگت کے مختلف آلات اور سواریاں تقسیم کئے جارہے ہیں۔ آئندہ دنوں میں اسی طرح کے پروگرام شیموگہ اور گلبرگہ میں بھی منعقد کئے جائیں گے۔ کمٹہ کے رکن اسمبلی دنیکر شٹی نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ افسران معذوروں کو سند مہیا کرنےمیں ٹال مٹول یا دیر ی نہ کریں۔
ایڈیشنل ڈی سی سریش اٹنال نے استقبال کیا ، محکمہ بندرگاہ کے افسر سریش شٹی نے نظامت کی۔ محکمہ خواتین و اطفال کے افسر راجیندر بیکل نے شکریہ اداکیا۔ ضلع پنچایت ایگزکیٹیو آفیسر محمد روشن ، اسسٹنٹ کمشنر ابھیجن وغیرہ موجود تھے۔